جے پور11جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)راجستھان ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سچن پائلٹ نے آج کہا کہ حکومت کسانوں کو نہ تو وقت پر کھاد بیج مہیا کروا پا رہی ہے اور نہ ہی امدادی قیمت میں ابھی تک کوئی راحت مل پائی ہے۔انہوں نے حکومت سے کسانوں کو ریلیف پہچانے کا مطالبہ کیا۔پائلٹ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب بھاجپا حکمراں دیگر علاقوں میں کسانوں کاقرض معاف کیاجاسکتا ہے تو راجستھان کے کسانوں کو راحت پہنچانے کے لیے حکومت کچھ کیوں نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور سب سے زیادہ اگر کوئی متاثر ہوا ہے تو وہ کسان کلاس ہے۔ملک بھرمیں کسانوں کی جو حالت بی جے پی کے دور اقتدار میں ہوئی ہے وہ تشویشناک ہے۔لریاست میں کسانوں کامعاوضہ اب تک نہیں مل سکاہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ہر کارکن کسانوں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم حکومت کومجبورکر کے رہیں گے کہ وہ راجستھان کے متاثر کسانوں کا قرض معاف کرے اور انہیں ریلیف پہنچانے کے لئے جلدسے جلد کوئی قدم اٹھائے۔